شانگلہ حادثہ: جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کو فوری معاوضہ ادا کیا جائے، گورنر کنڈی

شانگلہ حادثہ: جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کو فوری معاوضہ ادا کیا جائے، گورنر کنڈی

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت شانگلہ حادثے سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں حادثے کی صورتحال، متاثرین کی امداد اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ظاہر شاہ، ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اقبال حسین اور ڈپٹی کمشنر شانگلہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے گورنر کو حادثے سے متعلق بریفنگ دی۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کو معاوضے کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو بروقت مالی مدد فراہم کی جاسکے۔

گورنر نے کہا کہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تجاوزات کے باعث خطرات سے دوچار مقامات پر شہریوں کو جمع ہونے کی اجازت نہ دی جائے، تاکہ انسانی جانوں کو لاحق خطرات کم کیے جاسکیں۔

فیصل کریم کنڈی نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

اجلاس میں حادثے کے تناظر میں متعلقہ اداروں کے کردار اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

More News