مالی معاونت کے بغیر اہداف کا حصول چیلنج ہے، شہباز شریف
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز)، زراعت اور ہاؤسنگ کے شعبوں کے لیے مقررہ اہداف کے حصول میں مالی معاونت کی فراہمی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ ان شعبوں کو قرضوں کی فراہمی میں سست روی معیشت کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی کوششوں کو متاثر کرسکتی ہے۔
وزیراعظم نے یہ بات ترجیحی شعبوں کو مالی سہولیات کی فراہمی سے متعلق اجلاس میں کہی۔ انہوں نے اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ حکومتی اسکیموں کے تحت کسانوں، چھوٹے کاروباری اداروں اور اپنا گھر پروگرام کے درخواست گزاروں کو قرضوں کی فراہمی میں تاخیر کرنے والے بینکوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایس ایم ایز ملکی معیشت، برآمدات میں اضافے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، جبکہ زرعی شعبے میں ویلیو ایڈیشن کے ذریعے ملکی برآمدات کو مزید بڑھانے کی گنجائش موجود ہے۔
انہوں نے بینکوں پر زور دیا کہ وہ ترجیحی شعبوں کو قرضوں کی فراہمی کے لیے حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ وزیراعظم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بینکوں کی حوصلہ افزائی کی، جبکہ سست روی کا مظاہرہ کرنے والے بینکوں کی کارکردگی بہتر بنانے پر زور دیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت 23 اکتوبر تک 86 ہزار 899 درخواستوں کے لیے 511 ارب روپے کے قرضوں کی منظوری دی جاچکی ہے، جبکہ 15 ہزار 584 درخواست گزاروں کو 91 ارب روپے کے قرضے جاری کیے گئے ہیں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ زرعی شعبے میں قرضوں کی مجموعی مالیت ایک ہزار 329 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے، جبکہ ایس ایم ایز کے لیے مالی معاونت کا حجم ایک ہزار 148 ارب روپے رہا۔ حکومت نے مالی سال 2026-27 کے اختتام تک زراعت اور ایس ایم ایز کے لیے قرضوں کی فراہمی کا ہدف 1500 ارب روپے مقرر کیا ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ قرضوں کے حصول کے طریقہ کار کو آسان بنایا جائے اور مالی معاونت کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں تاکہ مقررہ اہداف عملی طور پر حاصل کیے جاسکیں۔








