صوابی، مضر صحت گوشت کی بڑی کھیپ پکڑی گئی، قصائی سمیت 6 افراد گرفتار

صوابی: مضر صحت گوشت کی بڑی کھیپ پکڑی گئی، قصائی سمیت 6 افراد گرفتار

صوابی: تحصیل ٹوپی میں اسسٹنٹ کمشنر یمین ثناء نے کارروائی کرتے ہوئے کئی من مضر صحت گوشت برآمد کر لیا، جبکہ قصائی سمیت چھ افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ٹوپی یمین ثناء کی نگرانی میں مینئی کے مقام پر کارروائی کے دوران ایک رکشے سے بڑی مقدار میں مضر صحت گوشت برآمد کیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ گوشت بٹاکرہ سے مینئی منتقل کیا جا رہا تھا، جہاں اسے قصائیوں کو فراہم کیا جانا تھا۔

کارروائی کے دوران پولیس اور تحصیل انتظامیہ نے گوشت کی ترسیل میں ملوث ہونے کے الزام میں قصائی سمیت چھ افراد کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق برآمد ہونے والے گوشت کو تلف کر دیا گیا ہے تاکہ اسے شہریوں تک پہنچنے سے روکا جا سکے اور عوامی صحت کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

اسسٹنٹ کمشنر ٹوپی یمین ثناء کا کہنا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسانی صحت کو خطرے میں ڈالنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

More News