صوبائی دارالحکومت پشاورمیں آندھی اور بارش کے نتیجے میں مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے باعث 8 افراد زخمی ہوگئے

پشاور میں آندھی اور طوفانی بارش، چھتیں اور دیواریں گرنے سے 8 افراد زخمی

پشاور(نیوز ڈیسک )صوبائی دارالحکومت پشاور میں اچانک آنے والی تیز آندھی اور طوفانی بارش کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں مکانات کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں، جس کے باعث کم از کم آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق آندھی اور بارش کے دوران فقیر کلی، پخہ غلام، چغلپورہ، شاہ عالم پل اور یوسف آباد میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے متعدد واقعات پیش آئے، جن میں کئی افراد زخمی ہوئے۔

ترجمان ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا بلال احمد فیضی نے بتایا کہ زخمی ہونے والے آٹھ افراد کو ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد انہیں ایمبولینسوں کے ذریعے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو 1122 کی ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جہاں ملبہ ہٹانے اور دیگر ہنگامی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں کے پیش نظر اربن فلڈنگ کا الرٹ بھی جاری کر رکھا ہے، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

More News