وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کئی ماہ سے طبی مسائل کا شکار، سرکاری مصروفیات علاج میں رکاوٹ بن گئیں
پشاور:کاشف عارف
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی گزشتہ کئی ماہ سے صحت کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم وہ طبی مشکلات کے باوجود اپنی سرکاری ذمہ داریاں مسلسل انجام دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کو پیٹ اور نظامِ ہاضمہ سے متعلق طبی شکایات لاحق ہیں، جن میں تاحال مکمل بہتری نہیں آ سکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلسل سرکاری مصروفیات، طویل اجلاسوں، انتظامی امور اور عوامی سرگرمیوں کے باعث انہیں علاج اور آرام کے لیے مطلوبہ وقت نہیں مل پا رہا۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ روزانہ معمول کے مطابق سرکاری امور انجام دے رہے ہیں اور طبی مسائل کے باوجود حکومتی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔
چند ہفتے قبل مانسہرہ میں ایک عوامی جلسے کے دوران وزیراعلیٰ کے ہاتھ پر کینولا دیکھا گیا تھا، جس کے بعد ان کی صحت سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئیں۔ بعد ازاں چارسدہ میں معروف عالم دین شیخ ادریس کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے موقع پر بھی ان کے ہاتھ پر کینولا موجود تھا، جس سے ان کی طبیعت سے متعلق بحث نے مزید توجہ حاصل کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ گزشتہ کئی ماہ سے ڈاکٹروں کی نگرانی میں علاج کرا رہے ہیں اور طبی ہدایات پر بھی عمل پیرا ہیں، تاہم سرکاری ذمہ داریوں کی وجہ سے انہیں مکمل آرام کا موقع نہیں مل سکا۔ بعض حلقوں کے مطابق مسلسل انتظامی اور سیاسی مصروفیات نے ان کی صحت پر بھی اثر ڈالا ہے۔
تاہم وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی جانب سے اپنی صحت یا علاج کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ معمول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور حکومتی امور بلا تعطل جاری ہیں۔








