خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم، مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی
پشاور(نیوز ڈیسک )محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے بالائی اور میدانی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، ہزارہ، ملاکنڈ اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں بارش متوقع ہے، جبکہ دیر، چترال، کوہاٹ، کرک اور ہنگو میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ مالم جبہ، سوات اور سیدو شریف میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق پشاور میں درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
دیگر اضلاع میں چترال کا درجہ حرارت 16، دیر 19، مالم جبہ 23، سیدو شریف 21، بنوں 31، ڈیرہ اسماعیل خان 32 اور ایبٹ آباد میں 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔








