علی ڈار سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات، باہمی تعاون کے فروغ پر گفتگو
لاہور: مشیر وزیراعلیٰ پنجاب علی ڈار سے امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے ملاقات کی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے آئندہ دورۂ امریکہ اور پنجاب و امریکہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (AI) اور معاشی شراکت داری سمیت باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔
علی ڈار نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا دورۂ امریکہ پنجاب اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور سرمایہ کاری و ٹیکنالوجی کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کو مصنوعی ذہانت کا عالمی مرکز بنانے کے لیے بین الاقوامی شراکت داری وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کا اہم حصہ ہے۔ امریکہ کے ساتھ تعاون کے ذریعے صوبے میں عالمی معیار کی ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری لانے کے امکانات کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔
علی ڈار کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی پنجاب کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہیں اور حکومت اس شعبے میں امریکہ کے ساتھ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آفس آف اے آئی پنجاب امریکہ کے ساتھ نالج ایکسچینج، ٹیکنالوجی پارٹنرشپس اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تعاون کے لیے کام کر رہا ہے۔
علی ڈار نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے آئندہ دورۂ امریکہ کے نتیجے میں پنجاب کے اے آئی ایکو سسٹم، ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور معاشی شراکت داری کے شعبوں میں مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔





