بنوں میں امن و ترقیاتی امور پر اہم اجلاس، 12 اضلاع کے خصوصی پیکجز پر بھی گفتگو
بنوں: کمانڈر 116 بریگیڈ احسن ورک، ڈپٹی کمشنر ضیاء الرحمٰن اور ڈی پی او بنوں کی زیرِ صدارت چاروں اے آر ڈی سی (ARDC) ممبران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کی مجموعی صورتحال، امن و امان، عوامی مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں اے آر ڈی سی ممبران ملک شیرین مالک، فرمان اللہ میراخیل، ملک احسان اللہ اور مولانا عبدالغفار قریشی نے شرکت کی۔ شرکاء نے ضلع میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس کے دوران صفائی کے انتظامات بہتر بنانے، تجاوزات کے خاتمے اور جاری ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی لانے کے امور بھی زیرِ بحث آئے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بنوں میں امن کے قیام، شہری سہولیات کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
اس موقع پر بنوں سمیت خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکجز سے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ترقیاتی اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچانے اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون ضروری ہے۔








