عمران خان سے ملاقات، بڑی پیش رفت سامنے آگئی
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتوں کا سلسلہ دوبارہ بحال ہوگیا ہے، جبکہ ان کی بہن نورین نیازی کو اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اجازت ملنے کے بعد نورین نیازی عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل روانہ ہوگئیں۔ وہ اپنی بہن علیمہ خان کی ذاتی گاڑی میں جیل کی جانب گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق عمران خان سے ملاقات کے لیے اہل خانہ اور وکلا کی فہرست بھی جیل حکام کو فراہم کی گئی تھی، جس میں پی ٹی آئی کے متعدد وکلا اور رہنماؤں کے نام شامل تھے۔
نورین نیازی کی عمران خان سے ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ان کی صحت، اسپتال منتقلی اور جیل میں اہل خانہ سے ملاقاتوں کا معاملہ عدالتی سطح پر بھی زیر بحث ہے۔ حالیہ دنوں میں عدالتوں کی جانب سے عمران خان کی صحت اور ملاقاتوں سے متعلق اہم احکامات سامنے آئے ہیں۔
قبل ازیں نورین نیازی کی عمران خان سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ ملاقات سے متعلق بعض خبریں من گھڑت ہیں اور عمران خان نے پارٹی قیادت کے خلاف کوئی بات نہیں کی۔
ملاقاتوں کی بحالی کو عمران خان کے اہل خانہ اور پارٹی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، جبکہ جیل میں ملاقاتوں کے حوالے سے عدالتی احکامات پر عمل درآمد بھی سیاسی اور قانونی حلقوں میں توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
تازہ پیش رفت کے بعد عمران خان سے آئندہ ملاقاتوں کے حوالے سے بھی صورتحال واضح ہونے کی توقع ہے۔





