10 روپے کا نوٹ ختم، سکہ متعارف کرانے کا فیصلہ

10 روپے کا نوٹ ختم، سکہ متعارف کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 10 روپے کے کرنسی نوٹ کو مرحلہ وار ختم کرکے اس کی جگہ سکہ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ تبدیلی فوری طور پر نافذ نہیں ہوگی بلکہ نئے کرنسی نوٹوں کی مکمل سیریز جاری ہونے کے وقت 10 روپے کا نوٹ ختم کیا جائے گا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر ڈاکٹر عنایت حسین نے بتایا کہ 10 روپے کے نوٹ کی چھپائی اور تیاری پر اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوچکا ہے، جس کے باعث اس کی جگہ سکے کو ترجیح دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

اجلاس میں نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن سے متعلق بھی اہم پیش رفت سامنے آئی۔ ڈپٹی گورنر کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے تیار کیے گئے ابتدائی ڈیزائن وزیر خزانہ کی زیر صدارت کمیٹی نے مسترد کردیے ہیں اور ان میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کمیٹی کی تجاویز کے بعد نئے نوٹوں کے ڈیزائن اور سیکیورٹی فیچرز میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں تاکہ جعلی کرنسی کی روک تھام کے لیے جدید اور بین الاقوامی معیار کی ٹیکنالوجی شامل کی جاسکے۔

اجلاس میں ایک ہزار اور پانچ ہزار روپے کے جعلی نوٹوں کی گردش پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ کمیٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ بینکوں کی برانچز اور اے ٹی ایمز سے جعلی نوٹ نکلنے کی شکایات بھی سامنے آرہی ہیں، جس کے باعث تاجر بڑے مالیت کے نوٹ قبول کرنے سے ہچکچا رہے ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے رواں سال فروری میں 10 سے 5 ہزار روپے تک کے تمام نوٹ جدید سیکیورٹی خصوصیات کے ساتھ دوبارہ ڈیزائن کرنے کے منصوبے سے سینیٹ کمیٹی کو آگاہ کیا تھا۔

More News