عمران خان کی ہسپتال منتقلی کا معاملہ، سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر
اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر تحریک انصاف کے وکلا نے سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کردی۔
درخواست ایڈووکیٹ عزیر بھنڈاری اور سلمان اکرم راجا کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے واضح احکامات کے باوجود عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔
درخواست میں عدالتی حکم کی مبینہ خلاف ورزی پر جواب دہندگان کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی، شوکاز نوٹس جاری کرنے اور انہیں ذاتی حیثیت میں عدالت کے سامنے پیش کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی وکلا نے عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرکے طبی معائنہ کرانے اور عدالتی حکم پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے عدالتی افسر یا لوکل کمیشن مقرر کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کر رکھی ہے۔





