ایف بی آر کا تاخیر سے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والوں کو بڑا ریلیف، سرچارج کے بغیر ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں شمولیت کی اجازت
وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تاخیر سے انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے والے ٹیکس دہندگان کے لیے اہم سہولت کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت مخصوص شرائط پوری کرنے والے افراد اب سرچارج ادا کیے بغیر ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ (اے ٹی ایل) میں شامل ہوسکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد ٹیکس دہندگان کو ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ٹیکس نظام میں شمولیت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
ایف بی آر نے انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترامیم کرتے ہوئے تاخیر سے ریٹرن جمع کرانے والوں کے لیے نیا طریقہ کار متعارف کرایا ہے۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے متعلقہ افراد کو آئی آر آئی ایس (IRIS) سسٹم کے ذریعے نیا اے ٹی ایل یو فارم جمع کرانا ہوگا، جس کے ساتھ الیکٹرانک حلف نامہ بھی دینا لازمی ہوگا۔
نئے طریقہ کار کے تحت ٹیکس دہندہ کو حلف دینا ہوگا کہ وہ آئندہ چھ ماہ کے دوران کوئی جائیداد خریدے گا نہ ہی اس حوالے سے مقررہ شرط کی خلاف ورزی کرے گا۔ ایف بی آر کے مطابق اس مدت کے دوران جائیداد کی خریداری کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ ادارہ بینکوں اور دیگر ذرائع سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر اس شرط کی تصدیق بھی کرسکے گا۔
اگر کسی ٹیکس دہندہ کی جانب سے حلف نامے کی خلاف ورزی سامنے آتی ہے تو ایف بی آر متعلقہ شخص سے وضاحت طلب کرے گا۔ خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں سرچارج سے حاصل ہونے والی چھوٹ ختم کردی جائے گی اور ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں شمولیت کے لیے معمول کے قواعد و ضوابط لاگو ہوں گے۔
دوسری جانب ایف بی آر نے انکم ٹیکس ریٹرنز کی جانچ پڑتال کے لیے ایک نیا خودکار نظام بھی متعارف کرا دیا ہے، جس کے لیے انکم ٹیکس رولز میں رول 38 بی شامل کیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت ٹیکس ریٹرنز میں موجود غلطیوں، معلومات کے تضادات اور قانونی تقاضوں سے متعلق مسائل کی خودکار نشاندہی کی جائے گی۔
نئے نظام کے ذریعے ٹیکس دہندگان کو آئی آر آئی ایس پورٹل پر آن لائن انتباہ بھیجا جائے گا، تاہم کسی بھی ممکنہ غلطی کی بنیاد پر فوری کارروائی نہیں کی جائے گی۔ ایف بی آر پہلے متعلقہ شخص کو وضاحت پیش کرنے یا غلطی درست کرنے کے لیے کم از کم سات دن کی مہلت دے گا۔
اگر مقررہ مدت میں جواب موصول نہ ہو تو دوبارہ یاد دہانی بھیجی جائے گی اور مزید سات دن کا وقت دیا جائے گا۔ ٹیکس دہندہ کی جانب سے موصول ہونے والی وضاحت کا متعلقہ افسر جائزہ لے گا اور جواب غیر تسلی بخش ہونے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاسکے گی۔
ایف بی آر کے مطابق نئے نظام کے تحت تمام انتباہات، ٹیکس دہندگان کے جوابات اور متعلقہ کارروائیوں کا مکمل ریکارڈ ڈیش بورڈ پر محفوظ رکھا جائے گا۔ اس سے ٹیکس ریٹرنز کی جانچ پڑتال میں شفافیت، نظام کی بہتری اور ٹیکس دہندگان کو اپنی غلطیاں درست کرنے کا مناسب موقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔








