نئی تاریخ رقم، پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن پر قدم رکھنے والے پہلے غیر ملکی ہوں گے
پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون کے شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بننے جا رہے ہیں۔ اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے سائنسی تعلقات میں ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
چینی سفارتخانے کے ترجمان کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ایک پاکستانی خلا باز چین کے انسانی خلائی مشن کا حصہ بنے گا۔ یہ چین کے خلائی پروگرام کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا مشن ہوگا، جس میں چینی اور غیر ملکی خلا باز مشترکہ طور پر خلائی سفر کریں گے۔
چینی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ یہ تاریخی پیش رفت پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی، جبکہ نوجوان نسل کو سائنس، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب بھی ملے گی۔
اس مشترکہ مشن سے دونوں ممالک کے درمیان خلائی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی تجربات کے شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔
چینی سفارتخانے نے اس تاریخی مشن کے لیے منتخب کیے گئے دونوں پاکستانی خلا بازوں کی تصاویر بھی جاری کر دی ہیں، جسے پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔







