پیٹرولیم مصنوعات مہنگا ہونے کا امکان اعلان آج متوقع

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان آج متوقع، مزید اضافے کا امکان

اسلام آباد: پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ وفاقی حکومت آج جمعہ کو نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان کرے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی پیٹرول اور ڈیزل مہنگے ہونے کا خدشہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی بڑھتی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتوں پر نظرثانی کر رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس وقت عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر چکی ہے، جس کے اثرات پاکستان میں ایندھن کی قیمتوں پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق ملک میں مارچ کے مہینے کے لیے تیل کا مناسب ذخیرہ موجود ہے، تاہم عالمی سطح پر قیمتوں میں تیزی کے باعث حکومت کو نئی قیمتوں کے تعین پر غور کرنا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے اخراجات کم کرنے اور ایندھن کے استعمال میں کمی کے لیے کفایت شعاری اقدامات پر بھی عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں کم فیول استعمال کی حکمت عملی کے تحت اسلام آباد میں آج سرکاری تعطیل دی گئی ہے، جبکہ حکومت نے جیٹ فیول اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی برآمدات پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا باضابطہ اعلان جمعہ کے روز کیا جائے گا اور نئی قیمتوں کا تعین عالمی اوسط نرخوں کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث حکومت گزشتہ ہفتے ہی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کر چکی ہے، جس کے بعد مزید اضافے کے امکانات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

More News