فوربز کی دنیا کے 10 امیر ترین افراد کی نئی فہرست جاری

فوربز کی دنیا کے 10 امیر ترین افراد کی نئی فہرست جاری

معروف معاشی جریدے فوربز نے ستمبر 2026 کے آغاز پر دنیا کے 10 امیر ترین افراد کی نئی فہرست جاری کردی ہے، جس کے مطابق یکم ستمبر 2026 تک ٹاپ 10 ارب پتیوں کی مجموعی دولت 2.8 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

فہرست کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران دنیا کے 10 امیر ترین افراد کی مجموعی دولت میں تقریباً 200 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ ٹاپ 10 میں شامل 9 افراد کا تعلق امریکا سے ہے، جبکہ اسپین کے معروف کاروباری شخصیت امانسیو اورٹیگا واحد غیر امریکی فرد ہیں۔

فوربز کی فہرست کی ایک نمایاں بات یہ بھی ہے کہ ٹاپ 10 میں کوئی خاتون شامل نہیں، جبکہ ان میں سے 5 ارب پتیوں کی انفرادی دولت 200 ارب ڈالر یا اس سے زیادہ ہے۔

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک 892 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص قرار پائے ہیں۔ اگست کے دوران اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ان کی دولت میں 202 ارب ڈالر کا نمایاں اضافہ ہوا۔

گوگل کے شریک بانی لیری پیج 277 ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے، ایمیزون کے بانی جیف بیزوس 268 ارب ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

گوگل کے دوسرے شریک بانی سرگئی برِن 256 ارب ڈالر کے ساتھ چوتھے، جبکہ ڈیل ٹیکنالوجی کے سی ای او مائیکل ڈیل 241 ارب ڈالر کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ 197 ارب ڈالر کے ساتھ چھٹے، اوریکل کے شریک بانی لیری ایلیسن 193 ارب ڈالر کے ساتھ ساتویں، جبکہ اینویڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ 191 ارب ڈالر کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہیں۔

مائیکروسافٹ کے سابق سی ای او اسٹیو بالمر 155 ارب ڈالر کے ساتھ نویں جبکہ فیشن گروپ انڈیٹیکس، جو زارا کی مالک کمپنی ہے، کے بانی امانسیو اورٹیگا 148 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ دسویں نمبر پر ہیں۔

More News