مریم نواز کی الیکٹرک بائیک اسکیم، طلبہ کو سوا لاکھ سے زائد ای بائیکس دینے کی منظوری

مریم نواز کی الیکٹرک بائیک اسکیم، طلبہ کو سوا لاکھ سے زائد ای بائیکس دینے کی منظوری

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نوجوانوں کے لیے الیکٹرک بائیک اسکیم کو مزید آسان اور وسیع کرنے کے اہم فیصلوں کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت طلبہ کو سوا لاکھ سے زائد ای بائیکس فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ نے طلبہ سے ای بائیک کے حصول کے لیے ڈاؤن پیمنٹ نہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے ماہانہ قسط کے علاوہ دیگر اضافی واجبات وصول کرنے کی تجاویز بھی مسترد کردی ہیں۔

حکومت پنجاب ای بائیکس پر عائد انٹرسٹ اور انشورنس کے اخراجات خود برداشت کرے گی، جبکہ طلبہ کے لیے ماہانہ قسط تقریباً 3 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ہے۔

مریم نواز نے ای بائیک اسکیم کا دائرہ صرف طلبہ تک محدود رکھنے کے بجائے سرکاری ملازمین، مختلف سرکاری محکموں سے وابستہ افراد اور ڈیلیوری بوائز تک بڑھانے کی منظوری بھی دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ نے اسکیم کے لیے آن لائن پورٹل اسی ہفتے کھولنے کا حکم دیا ہے، تاکہ اہل طلبہ اور دیگر افراد درخواستیں جمع کرا سکیں۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ نے وزیراعلیٰ کو اسکیم پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے مطابق ای بائیک کے ساتھ ہیلمٹ اور سیفٹی راڈ بھی مفت فراہم کیے جائیں گے، جبکہ بائیکس میں لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹری نصب ہوگی۔

ای بائیک حاصل کرنے والے طلبہ کو محفوظ ڈرائیونگ کے لیے دو روزہ مفت ڈرائیونگ ٹریننگ بھی فراہم کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اسکیم کے تحت اہل قرار پانے والے طلبہ کو 6 ہفتوں کے اندر الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

حکومت کے مطابق یہ اسکیم پنجاب کے نوجوانوں کو سستی، آسان اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے، جس سے طلبہ اور دیگر مستحق افراد کو روزمرہ آمدورفت میں سہولت ملنے کی توقع ہے۔

More News