فیفا اور یوئیفا کے درمیان تنازع مزید شدت اختیار کرگیا
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا اور یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا کے درمیان جاری اختلافات میں مزید شدت آگئی ہے، جبکہ دونوں اداروں کے درمیان کمرشل حقوق اور اختیارات سے متعلق تنازع سنگین صورت اختیار کر گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فیفا نے امریکی عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں یوئیفا پر فیفا اور اس کے صدر گیانی انفانٹینو کے خلاف ’بدنام کرنے کی مہم‘ چلانے کا الزام عائد کیا ہے۔
تنازع کی بنیادی وجہ فیفا کے کمرشل حقوق سے متعلق ایک مجوزہ منصوبہ ہے، جسے ’فیفا فارورڈ انٹرپرائز‘ کے نام سے پیش کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کے تحت مردوں اور خواتین کے ورلڈ کپ سے منسلک کمرشل حقوق کے انتظام کی تجویز دی گئی تھی۔
تاہم یوئیفا سمیت دیگر علاقائی فٹبال تنظیموں کی مخالفت کے بعد فیفا نے یہ منصوبہ 31 جولائی کو واپس لے لیا تھا۔
دوسری جانب یوئیفا نے گیانی انفانٹینو اور فیفا کے دیگر عہدیداروں کے خلاف ممکنہ سوئس فوجداری کارروائی کے لیے امریکا سے دستاویزات اور گواہی حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔
فیفا کا مؤقف ہے کہ یوئیفا نے اس منصوبے کو ابتدا ہی سے ناکام بنانے کی کوشش کی، جبکہ یوئیفا کی جانب سے فیفا میں اصلاحات اور صدر کے اختیارات پر حدود عائد کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
گیانی انفانٹینو مارچ 2027 میں فیفا کی صدارت کے لیے چوتھی مدت حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں، تاہم انہیں تین کنفیڈریشنز کی جانب سے دباؤ کا سامنا ہے۔
فیفا اور یوئیفا کے درمیان بڑھتا ہوا یہ تنازع عالمی فٹبال کے انتظامی ڈھانچے، کمرشل حقوق اور فیفا کی قیادت کے مستقبل کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔








