پیٹرول سمیت مختلف اشیاء کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی میں اضافہ

پیٹرول سمیت مختلف اشیاء کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی میں اضافہ

ملک میں پیٹرول سمیت مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.65 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ مجموعی سالانہ مہنگائی کی شرح 8.35 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے سب سے زیادہ اضافہ پیاز کی قیمت میں ہوا، جو 26.30 فیصد مہنگی ہوئی۔ اس کے علاوہ ٹماٹر کی قیمت میں 2.55 فیصد جبکہ آلو کی قیمت میں 0.96 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 0.90 فیصد جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 0.09 فیصد اضافہ ہوا۔ پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے اثرات آٹا، چکن اور دال ماش سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی پڑے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے 7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، جبکہ 27 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ایک ہفتے کے دوران کیلے 2.54 فیصد اور دال مونگ 0.69 فیصد سستی ہوئی۔ اسی طرح چینی، انڈے، دال چنے اور گڑ کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک جانب بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، تاہم پیٹرول اور سبزیوں سمیت متعدد اشیاء مہنگی ہونے کے باعث مجموعی ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔

More News