فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے امریکی اراکین کانگریس کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے امریکی اراکین کانگریس کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

راولپنڈی: امریکی ایوان نمائندگان کے اراکین ریان کیتھ زنکے اور مائیکل جیمز نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دوطرفہ دفاعی تعاون اور معاشی روابط کے فروغ کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی معاشی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار علاقائی استحکام کا انحصار معاشی ترقی، تجارت کے فروغ اور علاقائی رابطوں کو وسعت دینے پر ہے۔

انہوں نے پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار حالات پیدا کرنا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے علاقائی استحکام اور معاشی مضبوطی میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ معاشی تعاون، نجی شعبے کی شراکت داری اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے مواقع پر بھی گفتگو ہوئی۔

امریکی اراکین کانگریس نے پاک فوج کی قیادت کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور امریکا کے درمیان معاشی، تجارتی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

More News