فیلڈ مارشل عاصم منیر سے مالدیپ کے صدر کی ملاقات، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
اسلام آباد :چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی تعاون کے فروغ اور پاکستان و مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ ملاقات 21 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے، ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے اور پیشہ ورانہ تبادلوں کے مواقع میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تعمیری روابط اور باہمی تعاون کے ذریعے خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کو بھی اجاگر کیا۔
اس موقع پر مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔
ملاقات میں دفاعی تعلقات کے فروغ اور دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطوں کو مزید مؤثر بنانے کی اہمیت بھی زیر بحث آئی۔
پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوستانہ تعلقات کے تناظر میں یہ ملاقات دوطرفہ روابط کو وسعت دینے اور دفاعی و ادارہ جاتی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔








