فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی قیادت سے ملاقاتیں، آبنائے ہرمز کھولنے پر غور

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی قیادت سے ملاقاتیں، آبنائے ہرمز کھولنے پر غور

تہران: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کے دورے کے دوران ایرانی صدر سمیت اہم سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں، جن میں خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کی روک تھام، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور جاری تنازع کے جلد اور پُرامن خاتمے کے لیے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایران کا دورہ مکمل ہوگیا۔ ان کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ دورہ ایران پاکستان کی ان فعال سفارتی کوششوں کا حصہ تھا جن کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنا اور جاری امریکہ ایران تنازع کے خاتمے کے لیے سفارتی راستہ تلاش کرنا ہے۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں رہبرِ اعلیٰ کے نمائندے محسن رضائی، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے، کشیدگی میں کمی، تنازع کے جلد خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ فریقین نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ علاقائی تنازعات کو بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی قیادت نے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور تنازع کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ سفارتی کوششوں کو سراہا۔

پاکستان نے اس دورے کے ذریعے خطے میں کشیدگی کم کرنے، مذاکرات کی راہ ہموار کرنے اور تنازع کے سفارتی حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔

More News