نادرا کا پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے سم جاری کرنے سے انکار
اسلام آباد: نادرا نے پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے سم جاری کرنے کے لیے چہرے کی تصدیق کی سہولت فراہم کرنے سے معذرت کرلی ہے، جس کے بعد موبائل صارفین کے لیے ایپ کے ذریعے سم کے اجرا کا معاملہ مزید تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی دستاویز کے مطابق نادرا اور پی ٹی اے کے درمیان سم تصدیق کے نظام سے متعلق رابطے جاری رہے ہیں۔ اس دوران سیلولر موبائل آپریٹرز چہرے کی شناخت پر مبنی سم تصدیق کا تجرباتی مرحلہ بھی مکمل کرچکے ہیں۔
تاہم نادرا نے پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے سم جاری کرنے کے لیے مطلوبہ چہرے کی تصدیق کی سہولت دستیاب کرنے سے معذرت کرلی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق نادرا نے اس کے متبادل کے طور پر سیلولر آپریٹرز کو اپنے نظام میں مخصوص ہارڈ ویئر نصب کرنے کی تجویز دی ہے، تاکہ صارفین کی شناخت اور سم تصدیق کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔
دستاویز کے مطابق سم کی تصدیق اور ڈیجیٹل شناخت کے نظام کو جدید بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مشاورت جاری رہی ہے۔ چہرے کی شناخت کے ذریعے سم تصدیق کا مقصد صارفین کی شناخت کے عمل کو مزید محفوظ اور آسان بنانا تھا۔
نادرا کی جانب سے پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے چہرے کی تصدیق کی سہولت فراہم نہ کرنے کے فیصلے کے بعد اب سیلولر آپریٹرز کے لیے تجویز کردہ مخصوص ہارڈ ویئر کی تنصیب اور اس کے عملی نفاذ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔





