لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر، ایئر کوالٹی انڈیکس 490 سے تجاوز کر گیا

لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر، ایئر کوالٹی انڈیکس 490 سے تجاوز کر گیا

لاہور میں اسموگ کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا، شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 490 سے تجاوز کرگیا، جس کے بعد لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا۔

فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ اسموگ کی تہہ نے شہر کی فضا کو مزید متاثر کردیا ہے۔ ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی کی موجودہ صورتحال انسانی صحت کے لیے تشویشناک ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

شہر میں بارش نہ ہونے کے باعث فضائی آلودگی میں فوری کمی کے امکانات محدود ہیں، جس سے اسموگ کی شدت برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔

اسموگ کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں دشواری، آنکھوں میں جلن اور گلے کی تکالیف کا سامنا ہے۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، باہر نکلتے وقت ماسک پہننے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

ماہرین نے خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو احتیاط برتنے اور ممکن حد تک گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی ہے۔

More News