لاہور ٹریفک پولیس کا اے آئی بیسڈ تھرمل ڈرون ٹریفک مانیٹرنگ سسٹم شروع
لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور ٹریفک پولیس نے جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) پر مبنی تھرمل ڈرون ٹریفک مانیٹرنگ سسٹم کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانا، ٹریفک جام کی بروقت نشاندہی اور روڈ انجینئرنگ کے مسائل کا مؤثر حل تلاش کرنا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے مصروف شاہراہوں پر ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک مانیٹرنگ کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ شہر میں جہاں بھی ٹریفک جام کی اطلاع ملے گی، ڈرون فوری طور پر موقع پر پہنچ کر رکاوٹ کی وجوہات کا جائزہ لے گا اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے متعلقہ افسران کو حقیقی وقت میں معلومات فراہم کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ جدید ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک بہاؤ، سموگ پھیلانے والی گاڑیوں، ون وے کی خلاف ورزی، رانگ پارکنگ، تجاوزات اور دیگر ٹریفک مسائل کی بھی نگرانی کی جائے گی، جبکہ روڈ انفراسٹرکچر کی خامیوں کی نشاندہی کرکے متعلقہ اداروں کو اصلاحی اقدامات کے لیے شواہد فراہم کیے جائیں گے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق ڈرون سے حاصل ہونے والی ویڈیوز محفوظ کی جائیں گی تاکہ ٹریفک مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنایا جا سکے اور شہریوں کو محفوظ، منظم اور بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔








