ٹرمپ کا ایران کو سخت انتباہ، بحری جہازوں پر حملے دہرائے گئے تو مزید سخت جواب دیں گے
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بحری جہازوں پر حملوں کے ردعمل میں امریکا نے کارروائی کی، تاہم اگر مستقبل میں اس نوعیت کے حملے دوبارہ ہوئے تو ان کے نتائج پہلے سے کہیں زیادہ سنگین ہوں گے۔
ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا بین الاقوامی بحری راستوں اور اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کی جانب سے کسی بھی نئی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
امریکی صدر نے ایک بار پھر ایران کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں ایران کے ساتھ مفاہمتی یادداشت اور جنگ بندی اب ختم ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ مزید کسی معاہدے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔
ترکیہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اگر ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہوتے تو وہ انہیں استعمال کرتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا کو نیٹو کی جانب سے ایران کے معاملے پر مطلوبہ تعاون نہیں ملا، جس پر انہیں تحفظات ہیں۔








