مال روڈ راولپنڈی فائرنگ: ہلاک ملزم محمد حسین کے حوالے سے مزید انکشافات
راولپنڈی کے مال روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ کرنے والے ہلاک ملزم محمد حسین کے حوالے سے مزید اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم کا تعلق ضلع خیبر سے تھا اور وہ پاکستان تحریک انصاف کا سرگرم رکن تھا۔ ملزم کے قبضے سے پارٹی پرچم، اسلحہ، گولیاں اور دیگر دستاویزات برآمد ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق محمد حسین مبینہ طور پر جماعت کی قیادت سے مسلسل رابطے میں تھا اور احتجاجی سرگرمیوں کے دوران پارٹی قیادت کی ہدایات پر عمل کرتا رہا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مختلف احتجاجی دھرنوں کے دوران بھی محمد حسین اشتعال انگیزی، پتھراؤ اور فائرنگ میں ملوث رہا۔
ذرائع کے مطابق احتجاجی دھرنوں کے دوران ہلاک ملزم کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کو اسلحے کے ذریعے نشانہ بنانے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ محمد حسین کے سیاسی روابط، احتجاجی سرگرمیوں میں کردار اور دیگر مبینہ سرگرمیوں سے متعلق مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مال روڈ پر فائرنگ کے واقعے کے دوران فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو ہلاک کیا، جبکہ واقعے میں ایک فوجی جوان کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد حسین کے قبضے سے ملنے والی اشیا اور دیگر شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔ واقعے کے محرکات، ملزم کے ممکنہ رابطوں اور احتجاجی سرگرمیوں میں اس کے کردار سے متعلق مزید معلومات سامنے آنے کا امکان ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم سے پارٹی پرچم اور دیگر دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔ تاہم سیاسی جماعت سے ملزم کے روابط اور اس کے مبینہ کردار سے متعلق حتمی قانونی حیثیت تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوگی۔
مال روڈ فائرنگ واقعے اور ہلاک ملزم محمد حسین کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، جن کے نتیجے میں مزید اہم انکشافات سامنے آنے کا امکان ہے۔








