متحدہ عرب امارات میں بین الامارات ریل سفر کے نئے دور کا آغاز
دبئی: متحدہ عرب امارات میں بین الامارات مسافر ریل سروس کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، جس کے بعد دبئی اور ابوظبی سمیت دیگر امارات کے درمیان سفر کے لیے ایک نئی سہولت شہریوں اور سیاحوں کو دستیاب ہوگئی ہے۔
بدھ 30 ستمبر کی صبح دبئی کے ایلایس اسٹیشن پر اتحاد ریل کی مسافر ٹرین سروس کے افتتاح کے موقع پر بڑی تعداد میں مسافر اور میڈیا نمائندگان موجود تھے۔ آن لائن ٹکٹ بک کرنے والے مسافر صبح سویرے ہی اسٹیشن پہنچ گئے اور پہلی مسافر ٹرین کے تاریخی سفر کا حصہ بنے۔
اتحاد ریل کی جانب سے مسافروں کا استقبال مفت ناشتے اور یادگاری تحائف سے کیا گیا۔ مسافروں نے اس نئے سفری نظام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے متحدہ عرب امارات میں عوامی سفری سہولیات کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا۔
ٹرین کی روانگی سے قبل اسٹیشن پر غیر ملکی فنکاروں نے فلیش ڈانس بھی پیش کیا، جس سے افتتاحی تقریب میں مزید رونق پیدا ہوگئی۔ اس کے بعد ٹرین کی سیٹی بجائی گئی اور پہلی مسافر ٹرین دبئی سے ابوظبی کے لیے روانہ ہوئی۔
مسافروں سے بھری پہلی ٹرین صبح 6 بج کر 14 منٹ پر دبئی سے روانہ ہوئی اور 7 بج کر 18 منٹ پر ابوظبی اسٹیشن پہنچی۔ اس طرح دبئی سے ابوظبی کا سفر ایک گھنٹہ 4 منٹ میں مکمل ہوا۔
اتحاد ریل کے مطابق دبئی اور ابوظبی کے درمیان روزانہ 10 مسافر ٹرینیں چلائی جائیں گی، جبکہ ابوظبی سے فجیرہ کے لیے روزانہ تین دو طرفہ ٹرین سفر ہوں گے۔
دبئی سے ابوظبی کے لیے کمفرٹ کلاس کا کرایہ 39 درہم جبکہ پریمیم کلاس کا کرایہ 109 درہم سے شروع ہوگا۔ فجیرہ کے لیے کم از کم کرایہ 29 درہم مقرر کیا گیا ہے۔
دبئی کا ایلایس اسٹیشن جمیرہ گالف اسٹیٹس میٹرو اسٹیشن سے پیدل برج کے ذریعے منسلک ہے، جہاں سے مسافر دبئی میٹرو کی ریڈ لائن استعمال کرسکتے ہیں۔
اتحاد ریل کی مسافر ٹرینوں میں وائی فائی، موبائل چارجنگ اور سامان رکھنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ مسافر ٹکٹ موبائل ایپ، ویب سائٹ اور اسٹیشنوں پر موجود ٹکٹ مشینوں کے ذریعے حاصل کرسکتے ہیں۔








