محسن نقوی اور ناروے کے وزیر خارجہ کی ملاقات، غیر قانونی امیگریشن روکنے پر تعاون کا اتفاق
اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی اور ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ائیڈے کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دہشتگردی، غیر قانونی امیگریشن، پولیس ٹریننگ، باہمی قانونی معاونت اور افغانستان کی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، پولیس تربیت اور سیکیورٹی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے غیر قانونی امیگریشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے اور مؤثر اقدامات کے نتیجے میں یورپ میں غیر قانونی امیگریشن میں 47 فیصد کمی آئی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن کے مستقل سدباب کے لیے قانونی اور محفوظ امیگریشن کے مواقع کو فروغ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے افغانستان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغان سرزمین اب بھی پاکستان میں دہشتگردی کے لیے استعمال ہورہی ہے اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
ناروے کے وزیر خارجہ نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے تعمیری اور فعال کردار کو سراہا۔ انہوں نے ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کی بھی تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی کمیونٹی سیاست، صحت اور دیگر شعبوں میں مثبت کردار ادا کررہی ہے۔
ملاقات میں وزیر مملکت طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔








