محکمہ موسمیات کی خیبرپختونخوا سمیت بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی خیبرپختونخوا سمیت بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف بالائی اور میدانی علاقوں میں آئندہ 12 سے 36 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کی پیشگوئی کردی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں انتہائی شدید بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کی ایک لہر اثرانداز ہو رہی ہے، جبکہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مرطوب ہوائیں بھی موسمی سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔ ان موسمی نظاموں کے باعث مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جن اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ان میں ایبٹ آباد، باجوڑ، بنوں، بونیر، چارسدہ، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، سوات، دیر، مانسہرہ، ملاکنڈ، کوہاٹ، کرم اور وزیرستان شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں میں ممکنہ شدید بارش کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔ متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور حساس علاقوں میں صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے متعدد اضلاع میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ راولپنڈی، اٹک، چکوال، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، جہلم، خوشاب، لاہور، منڈی بہاؤالدین، میانوالی، نارووال، سرگودھا، شیخوپورہ اور سیالکوٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

شدید بارش کی صورت میں اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ اور نارووال کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ شہریوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور نشیبی علاقوں میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مری، گلیات اور پوٹھوہار کے علاقوں میں بھی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے بعض مقامات جبکہ بلوچستان کے اضلاع موسل، شیرانی اور ژوب میں بھی آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں اور مسافروں کو خراب موسم کے دوران محتاط رہنے اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

More News