پشاور میں حساس مقامات کی ویڈیوز اور تصاویر بنانے پر پابندی

پشاور میں حساس مقامات کی ویڈیوز اور تصاویر بنانے پر پابندی

پشاور: سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پشاور میں اہم سرکاری مقامات، حساس تنصیبات اور سرکاری دفاتر کی ویڈیوز اور تصاویر بنانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پابندی صرف حساس سرکاری تنصیبات اور دفاتر تک محدود نہیں ہوگی بلکہ ان کے اطراف اور قریبی علاقوں کی ویڈیوز یا تصاویر بنانے پر بھی ممانعت ہوگی۔

شہر کے مختلف مقامات پر شہریوں کو پابندی سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی بورڈز بھی نصب کردیئے گئے ہیں، جن پر واضح طور پر ویڈیوز اور تصاویر بنانے سے گریز کرنے کی ہدایت درج ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث پشاور میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کردیئے گئے ہیں۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ حساس مقامات کی نگرانی کے ساتھ ساتھ پابندی پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے۔

حکام کی جانب سے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سرکاری تنصیبات اور حساس مقامات کی تصاویر یا ویڈیوز بنانے سے گریز کریں اور سیکیورٹی سے متعلق ہدایات پر عمل کریں۔

ذرائع کے مطابق پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تاہم پابندی کے قانونی دائرہ کار اور کارروائی کی نوعیت سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

More News