مراد سعید، احسن اقبال کو 25 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کریں، عدالت کا حکم
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وفاقی وزیر احسن اقبال کے حق میں دائر ہتکِ عزت کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما مراد سعید کو 25 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج حاکم خان نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ مراد سعید کی جانب سے احسن اقبال پر 70 ارب روپے کی کرپشن کے الزامات ثابت نہیں ہو سکے، جبکہ ان بیانات سے وفاقی وزیر کی ساکھ اور وقار کو نقصان پہنچا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ احسن اقبال پر کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی کمیشن کے الزامات ہتکِ عزت کے زمرے میں آتے ہیں۔ فیصلے کے مطابق ان بیانات سے عوام میں احسن اقبال کے بارے میں منفی تاثر پیدا ہوا اور ان کی دیانت داری، کردار اور ساکھ متاثر ہوئی۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ احسن اقبال نے 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا، تاہم عدالت نے دستیاب شواہد کی بنیاد پر اس رقم کو ضرورت سے زیادہ قرار دیتے ہوئے 25 لاکھ روپے ہرجانے کی منظوری دی۔
عدالت نے یہ بھی نشاندہی کی کہ مراد سعید نہ تو سماعت کے دوران عدالت میں پیش ہوئے اور نہ ہی اپنے الزامات کے حق میں کوئی ثبوت فراہم کر سکے۔
واضح رہے کہ مراد سعید نے 2019 میں ملتان۔سکھر موٹروے منصوبے کے حوالے سے احسن اقبال پر کرپشن کے الزامات عائد کیے تھے۔







