نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، خودکش بمبار سمیت 7 دہشت گرد ہلاک

نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، خودکش بمبار سمیت 7 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے خودکش بمبار سمیت سات دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 30 اور 31 جولائی 2026 کی درمیانی شب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا محاصرہ کیا اور کامیاب کارروائی کے بعد تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) برآمد ہوئے، جنہیں موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ خطے کو مکمل طور پر دہشت گردوں سے پاک کیا جا سکے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قومی ایکشن پلان اور وژن “عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

More News