مردان: پولیس دفتر میں زیرِ حراست ملزم قتل، اہلکار گرفتار، 3 معطل
مردان: ایس پی انویسٹی گیشن دفتر میں پولیس کی موجودگی کے دوران فائرنگ سے زیرِ حراست ملزم مشال جاں بحق ہوگیا، فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار عمران کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا
پولیس ذرائع کے مطابق عمران ڈی ایس پی ٹریفک کے دفتر میں ریڈر کے فرائض انجام دے رہا ہے، جبکہ ایک روز قبل مشال پر مبینہ طور پر عمران کے بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کا الزام تھا
واقعے کے بعد مشال کو گرفتار کرکے صدر تھانے میں رکھا گیا تھا، بعد ازاں اسے ایس پی انویسٹی گیشن کے دفتر منتقل کیا گیا جہاں مبینہ طور پر عمران نے اس پر فائرنگ کردی
فائرنگ کے نتیجے میں مشال موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او مردان مسعود احمد سمیت اعلیٰ پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے
ڈی پی او نے واقعے کے وقت موجود تین پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا، جبکہ فائرنگ کرنے والے اہلکار عمران کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی گئی
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے محرکات، واقعے کے حالات اور اہلکاروں کی موجودگی سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، تحقیقات کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی





