مرکزی قیادت کی کےپی کے ناراض اراکین اسمبلی کو صوبائی بجٹ کی حمایت کی ہدایت

مرکزی قیادت کی خیبر پختونخوا کے ناراض اراکین اسمبلی کو صوبائی بجٹ کی حمایت کی ہدایت

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی اور صوبائی قیادت نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے ناراض اراکین کو صوبائی بجٹ کی مکمل حمایت کرنے اور بجٹ اجلاس میں بھرپور شرکت کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی دعوت پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پارٹی کی سیاسی صورتحال، صوبائی بجٹ اور بانی چیئرمین کی رہائی تحریک سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں بیرسٹر گوہر، پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید خان، قومی اسمبلی میں چیف وہیپ عامر ڈوگر سمیت متعدد اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں ناراض اراکین اسمبلی مشتاق غنی، محمد ادریس، سجاد بارکوال، سید قاسم شاہ، محمد نعیم اور عبد المنعم بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر پارٹی قیادت نے تمام اراکین کو واضح ہدایت دی کہ وہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں شرکت کریں اور صوبائی بجٹ کی حمایت کو یقینی بنائیں۔

اجلاس کے دوران لاہور میں پی ٹی آئی کارکنوں کو دی جانے والی سزاؤں پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے اس معاملے کو سیاسی کارکنوں کے لیے تشویشناک قرار دیتے ہوئے قانونی اور سیاسی سطح پر آئندہ کے اقدامات پر مشاورت کی۔

اجلاس میں بانی چیئرمین کی رہائی سے متعلق جاری تحریک اور سیاسی حکمت عملی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی اپنے قائد کی رہائی کے لیے سیاسی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ صوبائی بجٹ سیشن کے اختتام کے بعد اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ ناصر عباس اور پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت شرکت کرے گی۔ اجلاس میں بانی چیئرمین کی رہائی کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل اور سیاسی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی

More News