مریم نواز کی شین جیانگ قیادت سے ملاقات، زراعت، ٹیکنالوجی اور معیشت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

مریم نواز کی شین جیانگ قیادت سے ملاقات، زراعت، ٹیکنالوجی اور معیشت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

بیجنگ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شین جیانگ وایغور خودمختار علاقائی کمیٹی اور پارٹی سیکریٹری و پروڈکشن اینڈ کنسٹرکشن کورپس (XPCC) کے پولیٹیکل کمشنر ہی ژونگ یو سے ملاقات کی، جس میں پنجاب اور شین جیانگ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مریم نواز نے پرتپاک خیرمقدم پر ہی ژونگ یو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی قیادت کو سراہا اور پاکستان چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی۔

ملاقات میں میڈیکل، زراعت، صنعت، معیشت، کاروبار، ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں جانب سے عوامی روابط بڑھانے کے لیے پیپل ٹو پیپل ایکسچینج پروگرام کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پانی کی کمی کا شکار علاقوں میں زرعی پیداوار بہتر بنانے کے لیے چین کے تجربات سے استفادہ کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے واٹر ایفیشنٹ ٹیکنالوجی، ڈرپ اریگیشن اور معیاری بیجوں کے استعمال کو فروغ دینے پر زور دیا۔

مریم نواز نے آبی ذخائر کے تحفظ کے لیے پنجاب کے مختلف علاقوں میں چین کے تعاون سے پائلٹ پراجیکٹس شروع کرنے کی تجویز بھی دی اور قابلِ تجدید توانائی و جدید ٹیکنالوجی کو پنجاب حکومت کی ترجیحات قرار دیا۔

انہوں نے نوجوانوں کو جدید فنی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے تعلیمی اداروں میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ اور پاکستانی طلبہ کے لیے آن لائن تکنیکی معاونت کی تجویز بھی پیش کی۔

ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پنجاب اور شین جیانگ کے درمیان تعاون کو عملی منصوبوں میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ دونوں خطوں کے عوام کو باہمی شراکت داری کے ثمرات حاصل ہوں۔

More News

Breaking

بیلجیئم میں تعمیراتی کام کے دوران دیواروں سے اربوں روپے مالیت کا سونا برآمد مشرقی فلینڈرز میں مکان کی مرمت کے دوران سونے کی اینٹیں

Read More »