مریم نواز کے متنازع بیان پر پشاور ہائیکورٹ بار کی مذمت
پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صوبوں سے متعلق متنازع بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان سے خیبرپختونخوا کے عوام اور پختون قوم سے غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔
پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے مطابق مریم نواز اپنا متنازع بیان فوری طور پر واپس لیں، کیونکہ ایسے غیر ذمہ دارانہ اور تعصب پر مبنی بیانات پختون قوم کے جذبات کو مجروح کرتے ہیں۔
بار ایسوسی ایشن نے کہا کہ مریم نواز کا بیان صوبائی اور لسانی تعصب کو ہوا دینے کی مذموم کوشش ہے، جس سے ملکی استحکام، قومی یکجہتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
پشاور ہائیکورٹ بار نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اپنے بیان پر وضاحت پیش کرنے کے ساتھ خیبرپختونخوا کے عوام اور پختون قوم سے واضح اور غیر مشروط معافی مانگیں۔
بار ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملک میں مختلف قومیتوں اور صوبوں کے درمیان احترام، برداشت اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ سیاسی رہنماؤں کو بھی اپنے بیانات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔








