مولانا فضل الرحمان کا 22 مئی کو ملک بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرزمیں مظاہروں کا اعلان

مولانا فضل الرحمان کا 22 مئی کو ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان

مولانا فضل الرحمان نے 22 مئی کو ملک بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مظاہرے مہنگائی اور عوامی مسائل کے خلاف کیے جائیں گے۔

مولانا فضل الرحمان کے مطابق اس سے قبل بھی احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کے عمل کے آغاز پر مظاہرے مؤخر کر دیے گئے تھے۔

انہوں نے فلسطین اور غزہ کی صورتحال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا فلسطینی مسلمانوں پر ہونے والے مظالم دیکھتی رہی جبکہ امت مسلمہ بھی مؤثر کردار ادا نہ کر سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں امت کے اتحاد کی ضرورت ہے اور نفرت و شدت کی سیاست کے بجائے اصولوں اور محبت کی سیاست کو فروغ دینا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ ظلم ہو تو وہ اس کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض عناصر ملک میں بدامنی پھیلا کر پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، لیکن وہ ملک کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے۔

انہوں نے حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ خارجہ پالیسی کو بہتر بنائیں اور عوام کو امن، انسانی حقوق کا تحفظ اور خوشحال معیشت فراہم کریں۔ دینی مدارس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مدارس کو ختم نہیں کر سکتا۔

اپنی تقریر میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب فیصلے صرف ایوانوں میں نہیں بلکہ میدان میں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب علما پارلیمنٹ کی سیاست میں آتے ہیں تو انہیں دھاندلی کے ذریعے پیچھے دھکیل دیا جاتا ہے۔

More News