ٹیکس چوری، اسمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں: وزیراعظم

ٹیکس چوری، اسمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس چوری، اسمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف مؤثر کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے مربوط اقدامات ضروری ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر اصلاحات سے متعلق ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا، جس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں جاری اصلاحات اور پی آر اے ایل کی تنظیم نو سمیت مختلف امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ راہ گزر ایپ کے ذریعے ملک بھر میں 2 ہزار 500 غیر قانونی پیٹرول پمپس کی نشاندہی کرکے انہیں بند کیا جاچکا ہے جبکہ متعلقہ افراد کو قانون کے حوالے کیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں کے خلاف نگرانی اور کارروائیوں کا عمل مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی آر آئی ایس 3.0 کے ڈیزائن کے لیے کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق فیس لیس اسیسمنٹ کے نظام سے محاصل میں بہتری آئی ہے جبکہ درآمدی شعبے میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی بھی بڑھی ہے۔

وزیراعظم نے ایف بی آر اصلاحات کے عمل کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس چوری، اسمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیم کی اصلاحاتی کوششوں اور کاوشوں کو بھی سراہا۔

شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکس نظام میں شفافیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ٹیکس چوری کی روک تھام کے ساتھ قومی محصولات میں بھی اضافہ ہوسکے۔

حکومت کی جانب سے جاری اصلاحاتی اقدامات کا مقصد ٹیکس وصولی کے نظام کو جدید بنانا، غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں کا سدباب اور ملکی معیشت کو درپیش مالی نقصانات کو کم کرنا ہے۔

More News