مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اسلامی دنیا کیلئے مثبت پیغام ہے: ترک صدر

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اسلامی دنیا کیلئے مثبت پیغام ہے: ترک صدر

انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو اسلامی دنیا کے لیے مثبت پیغام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے ترکیہ کے صوبے سامسن میں نوجوانوں کے لیے منعقدہ ایک خصوصی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مکہ معاہدے سے متعلق ہونے والی پیش رفت پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے مل کر ایک اہم قدم اٹھایا ہے اور اس حوالے سے مثبت پیش رفت جاری ہے۔

رجب طیب اردوان نے کہا کہ تینوں ممالک اس معاملے میں کامیاب ہوں گے اور معاہدے کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ اسلامی دنیا کو درپیش مشکلات پر قابو پانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے اور خطے میں اس مقصد کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

ترک صدر نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ ہرمز سمیت خلیج کے مختلف حصوں میں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، جہاں سنجیدہ نوعیت کے مسائل موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کو معمولی سمجھ کر نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ترکیہ اسلامی دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

More News