نوشہرہ میں بارش کے بعد سیلابی صورتحال، پانی گھروں اور دکانوں میں داخل
نوشہرہ: موسلادھار بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کا نظام بری طرح متاثر ہونے سے سڑکوں اور بازاروں میں پانی جمع ہوگیا، جبکہ متعدد مقامات پر بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے سے تاجروں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے
بارش کے بعد کئی علاقوں میں صورتحال نے سیلاب کا منظر پیش کیا، پانی جمع ہونے کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں اور تاجروں کو مالی نقصان کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کا مؤثر انتظام نہ ہونے کے باعث ہر بار بارش کے بعد یہی صورتحال پیدا ہوتی ہے
تاجروں کے مطابق بارش کا پانی بازاروں اور گلیوں میں جمع ہونے کے بعد دکانوں میں داخل ہوجاتا ہے، جس سے نہ صرف کاروبار متاثر ہوتا ہے بلکہ قیمتی سامان خراب ہونے کا بھی خطرہ رہتا ہے۔ شہریوں نے بھی پانی کی فوری نکاسی اور مستقل بنیادوں پر نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے
تاجر برادری کا کہنا ہے کہ عارضی اقدامات کے بجائے نکاسی آب کے مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے تاکہ بارش کے دوران شہر میں پیدا ہونے والی صورتحال سے شہریوں اور کاروباری طبقے کو نجات مل سکے
تاجروں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں کا فوری جائزہ لے کر پانی کی نکاسی یقینی بنائی جائے اور مستقبل میں بارش کے پانی کو جمع ہونے سے روکنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جائے








