نیوزی لینڈ میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی تیاری

نیوزی لینڈ میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی تیاری

نیوزی لینڈ کی حکومت نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں نیا بل پیش کرنے کا اعلان کردیا، تاہم پابندی فوری طور پر نافذ نہیں ہوگی۔

وزیراعظم کرسٹوفر لکسن نے 24 اگست 2026 کو اعلان کیا کہ مجوزہ قانون کے تحت 16 سال سے کم عمر افراد سوشل میڈیا اکاؤنٹس استعمال نہیں کر سکیں گے، جبکہ سوشل میڈیا کمپنیوں کو صارفین کی عمر کی تصدیق کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

مجوزہ قانون کے تحت عمر کی تصدیق کے لیے موجودہ اکاؤنٹ کی معلومات، چہرے کی شناخت اور ڈیجیٹل شناختی دستاویزات سمیت مختلف طریقے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے پلیٹ فارمز پر ان کی عالمی آمدنی کے 10 فیصد تک جرمانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

وزیراعظم لکسن کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا نوجوانوں کو نقصان دہ مواد، نشہ آور نوعیت کی ٹیکنالوجی اور ذہنی دباؤ کا سامنا کرا رہا ہے، جس کے اثرات ان کی ذہنی صحت، نیند، تعلیم اور خاندانی زندگی پر پڑ رہے ہیں۔

ان کے مطابق حکومت تسلیم کرتی ہے کہ اس پابندی کا مکمل نفاذ آسان نہیں ہوگا، تاہم بچوں کو آن لائن خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے یہ اقدام ضروری ہے۔

More News