ورسک روڈ پر بینک ڈکیتی کی کوشش ناکام، سٹی پولیس سربراہ کا زخمی اہلکاروں کی عیادت اور جائے وقوعہ کا دورہ
پشاور: کاشف عارف
پشاور کے سٹی پولیس سربراہ ڈاکٹر میاں سعید احمد نے ورسک روڈ پر بینک ڈکیتی کی ناکام کوشش کے بعد لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔
پولیس کے مطابق ورسک روڈ پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دلیری اور بہادری کا مظاہرہ کیا اور جان پر کھیل کر بینک ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی۔ واقعے کے دوران پولیس اہلکاروں نے ملزمان کا جرات مندی سے مقابلہ کیا جس کے باعث ملزمان رقم لے جانے میں ناکام رہے اور موٹر سائیکل اور اسلحہ چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
ڈاکٹر میاں سعید احمد نے ہسپتال میں زیر علاج اہلکاروں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی بہادری، حوصلے اور فرض شناسی کو سراہا اور کہا کہ پولیس جوانوں نے جرات مندانہ کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنائی۔
بعد ازاں سٹی پولیس سربراہ نے ورسک روڈ پر جائے وقوعہ کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر آپریشنز اور تفتیشی شعبے کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
انہوں نے واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت جاری کی۔









