خیبر بار ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس، وکیل پر پولیس تشدد کی مذمت، عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان

خیبر بار ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس، وکیل پر پولیس تشدد کی شدید مذمت، عدالتوں کا بائیکاٹ جاری رکھنے کا اعلان

پشاور خیبر: عزت گل

خیبر بار ایسوسی ایشن نے باڑہ بار کونسل کے دفتر میں ہنگامی اجلاس منعقد کیا، جس کی صدارت نگراں صدر اور سینئر وکیل تاج محل آفریدی نے کی۔ اجلاس میں گزشتہ روز باڑہ پولیس کی جانب سے وکیل گل جہان آفریدی پر مبینہ تشدد کے واقعے کی سخت مذمت کی گئی۔
اجلاس میں وکلا نے متفقہ طور پر مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے اور انہیں ملازمت سے برخاست کیا جائے۔ اس سلسلے میں ایک قرارداد بھی پیش کی گئی، جسے شرکا نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
وکلا برادری نے اعلان کیا کہ ان کے مطالبات تسلیم ہونے تک عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ جاری رہے گا اور فوجداری مقدمات سمیت کسی بھی قسم کے چالان پر پابندی عائد رہے گی۔
اجلاس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ واقعے میں ملوث ڈی ایس پی، ایس ایچ او اور دیگر پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں جمرود، لنڈی کوتل اور باڑہ تحصیل سے تعلق رکھنے والے خیبر بار کے اراکین اور سینئر وکلا بڑی تعداد میں موجود تھے۔ اس موقع پر فرہاد اللہ، سجاد حسین شینواری، خان کریم، جنید شینواری، سعید اللہ اور لیاقت آفریدی سمیت دیگر سینئر وکلا بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران آئندہ احتجاجی مظاہروں کا شیڈول بھی ترتیب دیا گیا اور واضح کیا گیا کہ ملزمان کی گرفتاری اور انصاف کی فراہمی تک وکلا برادری سخت احتجاجی اقدامات سے نہیں رکے گی۔

More News