وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان رابطہ، دونوں رہنماؤں کا ایران امریکا معاہدےکے اگلے مرحلےکو کامیابی سے بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا رابطہ، ایران امریکا معاہدے کے اگلے مرحلے کو آگے بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے اگلے مرحلے کو کامیابی سے آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم آفس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایران امریکا معاہدے پر مبارک باد دی، جبکہ وزیراعظم نے ولی عہد کو تاریخی اسلام آباد امن معاہدے پر دستخط کی مبارک باد پیش کی۔

گفتگو کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں امن معاہدہ کامیابی سے طے پایا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایران امریکا معاہدے کے اگلے مرحلے کو کامیابی سے آگے بڑھایا جائے گا اور مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف مکمل چوکس رہا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب جامع اقتصادی پیکج کو حتمی شکل دے کر اس پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے سعودی ولی عہد کو اپنی سہولت کے مطابق پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

دونوں رہنماؤں نے آئندہ دنوں میں قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان باقی ماندہ مسائل مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کیے جائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کی مضبوط حمایت کے باعث امن معاہدہ چند ماہ کے اندر ممکن ہو سکا۔ انہوں نے امن کے قیام کے لیے سعودی ولی عہد کی مسلسل حمایت اور سعودی قیادت کے دانشمندانہ کردار کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔

More News