وزیراعظم کا 100 نوجوان زرعی گریجویٹس کو اٹلی بھیجنے کا اعلان
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے 100 نوجوان زرعی گریجویٹس کو اٹلی بھیجنے کا اعلان کردیا، جہاں وہ زیتون کی کاشت، جدید پروسیسنگ، مارکیٹنگ اور ویلیو چین کے شعبوں میں تربیت حاصل کریں گے۔
وزیراعظم نے پاکستان نیشنل اولیو ویلیو چین پالیسی کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زیتون کے کسانوں، محققین اور برآمد کنندگان کی محنت سے ملک میں زیتون کے شعبے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ صوبائی حکومتوں نے زیتون کی کاشت کے فروغ میں کسانوں کا بھرپور ساتھ دیا، جبکہ اس وقت ملک میں تقریباً 60 ہزار ایکڑ رقبے پر زیتون کی کاشت کی جارہی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں زرعی انقلاب لانے کے لیے کسانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق پاکستان ہر سال تقریباً 4 ارب ڈالر کا خوردنی تیل درآمد کرتا ہے، جبکہ درآمدی بل میں صرف 400 ملین ڈالر کی کمی بھی ملکی معیشت کے لیے بڑی کامیابی ہوگی۔
انہوں نے پام آئل اور سورج مکھی کی کاشت کو بھی فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر کسانوں کو ضروری سہولیات فراہم کریں گی۔
وزیراعظم کے مطابق نوجوان زرعی گریجویٹس کی بیرون ملک تربیت سے جدید زرعی طریقوں اور ٹیکنالوجی کو پاکستان میں فروغ دینے میں مدد ملے گی۔








