وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت تجارت میں سہولیات کی فراہمی سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف خود ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ کی صدارت کریں گے۔ مجوزہ بورڈ تجارت کی مکمل سپلائی چین میں بہتری اور سرحد پار تجارت سے متعلق نان ٹیرف امور پر فیصلے کرے گا۔
بورڈ تجارت کے فروغ کے لیے روڈ میپ، تجارتی سہولت کاری اشاریے اور نگرانی سے متعلق حکمت عملی بھی ترتیب دے گا۔
وزیراعظم نے ملک کی بندرگاہوں کی استعداد کار بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اور مختلف ورکنگ گروپس تشکیل دینے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں بندرگاہوں کی استعداد بہتر بنانے، متعلقہ محکموں کے درمیان رابطہ و ہم آہنگی، ضابطہ کار پر عمل درآمد، جہاز کی آمد سے قبل کلیئرنس اور بین الاقوامی تجارت میں چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کی شمولیت سے متعلق ورکنگ گروپس بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کے لیے بندرگاہوں پر مال کی ترسیل، کلیئرنس اور دیگر امور آسان بنانے اور زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ جاری اصلاحات کے تحت بندرگاہی اخراجات میں کمی کی گئی ہے، جس کے بعد بندرگاہوں کے استعمال میں نمایاں بہتری آئی ہے، جبکہ جہازوں کی آمد سے قبل مال کے اعلانات جمع کرانے کی سہولت کے استعمال میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چوہدری، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔







