وزیر داخلہ محسن نقوی آج ایران روانہ ہوں گے، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر اہم ملاقاتیں متوقع
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی آج اہم سرکاری دورے پر ایران روانہ ہوں گے، جہاں وہ دارالحکومت تہران میں ایرانی قیادت اور اعلیٰ حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق دورے کے دوران پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، سرحدی تعاون، علاقائی امن و استحکام اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے اور موجودہ علاقائی صورتحال پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات اور ان کی پیش رفت بھی زیر بحث آئے گی، جبکہ مشرق وسطیٰ کی بدلتی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے مختلف سفارتی پہلوؤں پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق محسن نقوی کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی روابط کو مضبوط بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ پاکستان مسلسل خطے میں امن، مذاکرات اور سفارتی حل کی حمایت کرتا رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ تہران کا دورہ کر چکے ہیں اور ایرانی حکام کے ساتھ مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کرتے رہے ہیں۔ ان کے حالیہ دورے کو بھی پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی روابط اور علاقائی سفارت کاری کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ دورہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور خطے میں جاری سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔








