وفاق نے ایس این جی پی ایل کو بڑا ریلیف دے دیا، 50 ارب روپے کے قرض کی گارنٹی میں توسیع

وفاق نے ایس این جی پی ایل کو بڑا ریلیف دے دیا، 50 ارب روپے کے قرض کی گارنٹی میں توسیع

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے گیس سیکٹر کے مالی بحران اور گردشی قرضوں کے مسئلے کے پیش نظر سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے 50 ارب روپے کے قرض پر دی گئی خودمختار گارنٹی کی مدت میں 30 جون 2027 تک توسیع کی منظوری دے دی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق اس اقدام کا مقصد گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا، کمپنی پر مالی دباؤ کم کرنا اور گیس سیکٹر میں مالی استحکام پیدا کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایس این جی پی ایل نے مذکورہ قرض کی ری فنانسنگ میزان بینک سے حاصل کی ہے، جہاں کمپنی کو کم شرح منافع پر فنانسنگ فراہم کی گئی، جس سے سالانہ تقریباً 15 کروڑ روپے کی بچت متوقع ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ قرض کی اصل رقم اور منافع کی ادائیگی کی ذمہ داری بدستور ایس این جی پی ایل پر عائد رہے گی، جبکہ وفاقی حکومت کی گارنٹی مالیاتی ادارے کے اعتماد اور قرض کے تحفظ کے لیے برقرار رکھی جائے گی۔

دستاویزات کے مطابق دسمبر 2025 تک ایس این جی پی ایل کے واجبات تقریباً 1.095 کھرب روپے جبکہ تاخیر سے ادائیگیوں پر سرچارج 931 ارب روپے تک پہنچ چکا تھا۔

حکومت نے گیس سیکٹر کے گردشی قرضوں کے حل کے لیے سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان بھی تیار کر لیا ہے، جسے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ شیئر کیا جا چکا ہے۔ اس منصوبے پر مالی سال 2026-27 کے دوران عمل درآمد متوقع ہے۔

More News