پانی کو سیاسی مقاصد یا بطور ہتھیار استعمال کرنا ناقابل قبول ہے، وزیراعظم شہباز شریف
پانی ہمارے خطے کی زندگی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی ضمانت ہے، وزیراعظم کا ایس سی او سربراہی اجلاس سے خطاب
بشکیک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پانی ہمارے خطے کی زندگی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی ضمانت ہے، پانی کو سیاسی مقاصد یا دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایس سی او عالمی امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے تنظیم کے 25 سال مکمل ہونے کو اہم سنگ میل قرار دیا۔
وزیراعظم نے ایس سی او کی ترقیاتی حکمت عملی 2035 پر مؤثر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رکن ممالک کے درمیان تعاون کے ذریعے ترقیاتی اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
انہوں نے ایس سی او ڈویلپمنٹ بینک کے قیام کو بھی ایک اہم قدم قرار دیا، جس سے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی اور ترقیاتی تعاون کو مزید فروغ مل سکتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنی ایس سی او چیئرمین شپ کے دوران توانائی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سمیت اہم شعبوں کو ترجیح دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان شعبوں میں تعاون سے خطے میں معاشی ترقی، رابطوں اور پائیدار ترقی کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔
پانی کے وسائل پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پانی انسانی زندگی کے لیے بنیادی ضرورت ہونے کے ساتھ خطے کی خوشحالی اور مستقبل سے بھی براہ راست جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پانی کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا یا دوسرے ممالک پر دباؤ ڈالنے کے لیے بطور ہتھیار استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔ وزیراعظم کے مطابق پانی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے اور اس اہم وسیلے کے پائیدار استعمال کے لیے علاقائی تعاون ضروری ہے۔
وزیراعظم کے یہ ریمارکس ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان علاقائی سلامتی، اقتصادی تعاون، رابطوں، توانائی اور ترقی سمیت مختلف اہم امور پر بات چیت جاری ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایس سی او کے پلیٹ فارم پر تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا اور باہمی مفادات کے شعبوں میں رکن ممالک کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کرے گا۔





