پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران منفی رجحان

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منفی رجحان، ہنڈرڈ انڈیکس میں 900 سے زائد پوائنٹس کی کمی

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی منفی رجحان دیکھنے میں آیا، جہاں سرمایہ کاروں کی محتاط حکمت عملی کے باعث مارکیٹ میں نمایاں مندی ریکارڈ کی گئی۔ کاروبار کے آغاز پر ہنڈرڈ انڈیکس 900 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے بعد ایک لاکھ 75 ہزار 110 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔

مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کے حصول، معاشی اشاریوں اور مارکیٹ کے مجموعی رجحان کے باعث ابتدائی سیشن میں فروخت کا دباؤ دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں بیشتر شعبوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج شدید مندی کا شکار رہی تھی، جہاں کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1,580 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ایک لاکھ 76 ہزار 42 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ مسلسل دوسرے روز منفی رجحان کے باعث سرمایہ کار محتاط انداز میں کاروباری سرگرمیوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کا حتمی رخ کاروباری سیشن کے اختتام تک سرمایہ کاروں کے اعتماد، معاشی پیش رفت اور خرید و فروخت کے حجم پر منحصر ہوگا۔

More News